عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری ونیم سرکاری دفاتراورمالیاتی ادارے آج کھل گئے
کراچی (این این آئی) عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری ونیم سرکاری دفاتراورمالیاتی ادارے آج پیرکوکھل جائیں گے، عید الفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کیلئے آبائی علاقوں کو جانے والوں کی واپسی شروع ہو گئی ہے جس سے صوبائی دارالحکومت کراچی کی رونقیں بھی لوٹ آئی ہیں۔سندھ کے دورافتادہ شہروں کے علاوہ پنجاب کے پی کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد روزگار اور تعلیم کے حصول کیلئے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قیام پذیر ہیں جو عید جیسے تہوار پرعیدمنانے کے لیے اپنے آبائی گھروں کو واپس چلے جاتے ہیں۔حکومت سندھ کی جانب سے عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد اندرون ملک مختلف شہروں کا رخ کرنے والوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے اورگزشتہ روز بس اسٹینڈز اور ریلوے اسٹیشن پرکراچی واپس آنے والوں کا انتہائی رش رہا۔