اب پاکستان کو ایک گولی کا جواب 10گولیوں سے دیا جائیگا،بھارتی وزیر دفاع کی بڑھک
نئی دہلی (کے پی آئی) بھارت کے مرکزی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک بارپھر پاکستان کو گیدڈ بھبکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سرحدوں پر اس نے گولہ باری کاسلسلہ بند نہیں کیا،تو آنے والی ہرگولی کاجواب دس گولیوں سے دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے اب جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کی انتہا ہو گئی ہے اور بھارت اب اس کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کر سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سرحدی کشیدگی پر نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جواب میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات بنانے کی ہر کوشش کی ہے لیکن پڑوسی ملک اپنے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آ رہا ہے اور سلامتی دستوں کو اس کی ہر کارروائی کا مناسب جواب دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا بارڈر سکیورٹی فورس کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی رکاوٹ یا سرحد آڑے نہیں آ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جوابی کارروائی پر کسی سے کوئی سوال جواب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے گولی تو پڑوسی پر نہیں چلنی چاہئے لیکن اگر ادھر سے چل جاتی ہے تو کیا کرنا ہے اس کا فیصلہ آپ کو کرنا ہے۔ انہوں نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہر کارروائی کا بھر پور جواب دیا جائے گا اور وہاں سے آنے والی ہر گولی کا جواب دس گولیوں سے دیا جائے گا۔ راجناتھ نے کہا کہ سرحدی حفاظتی فورسز صبر و تحمل سے کام لے رہی ہے تاہم پاکستان اس کا فائدہ اٹھا کر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا زیاں ہوتا ہے۔
راجناتھ سنگھ