کشمیر بھارت کا حصہ تھا نہ کبھی ہوگا، علی گیلانی کا مودی کے بیان پر ردعمل

کشمیر بھارت کا حصہ تھا نہ کبھی ہوگا، علی گیلانی کا مودی کے بیان پر ردعمل

سرینگر(صباح نیوز)چیرمین حریت سید علی گیلانی نے بھارت کے وزیر اعظم کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر دیئے گئے حالیہ بیان کو تاریخی اور زمینی حقائق کے سراسر منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام پچھلے 71برسوں سے اپنے پیدائشی حق ”حقِ خودارادیت“ کے لیے مثالی قربانیوں سے عبارت رواں تحریک مزاحمت میں مصروف عمل ہے۔ حریت راہنما نے نریندر مودی کے بیان پر اپنا شدید ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر بھارت کا کبھی حصہ تھا اور نہ آئندہ بنے گا، اپنی لہو رنگ تحریک آزادی کو بھارت کی فوجی، سیاسی، مذہبی اور تہذیبی جارحیت سے مرعوب ہوکر سرینڈر کرنے کے بارے میں سوچ بھی سکتی ہے۔ انہوں نے اپنے اس دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کے کسی بھی حصے کو کاٹ کر مانگنے کے روادار نہیں ہیں، البتہ جموں کشمیر کی ریاست پر بھارت کے جبری اور ناجائز فوجی قبضہ کے خلاف برسرِ جدوجہد ہیں۔ حریت راہنما نے بھارتی وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے فوجی زبان میں بات کرنے کے بجائے تاریخی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے عوام کو کسی ابہام میں رکھنے کی ناکام کوششوں سے اجتناب کریں۔

علی گیلانی

مزید : رائے /راولپنڈی صفحہ آخر