پچھلی ایمنسٹی سکیم چوروں کیلئے تھی تو اب کن کیلئے ہے ،مصدق ملک
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم تو کہتے تھے ایمنسٹی سکیم چوروں کیلئے ہوتی ہے ،آج وزیراعظم خود ایمنسٹی سکیم کے حق میں آکر ٹی وی پر بولے ،انہوںنے کہا کہ پچھلی ایمنسٹی سکیم چوروں کیلئے تھی تو اب کن کیلئے ہے ،سوال یہ پیداہوتاہے کہ وزیراعظم ایمنسٹی سکیم کس کیلئے لے کر آئے ہیں ،وزیراعظم نے ایک طرح سے لوگوں کو درخواست کے ساتھ دھمکایابھی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی سروے میں آج پتا چل جائے گا کتنا ٹیکس حکومت کو ملا،دس مہینے میں کیا ہوا کہ ٹیکس وصولی میں کمی آگئی ،ہماری حکومت میں ہر سال 25سے 30 فیصد انکم ٹیکس بڑھ رہا تھا ، انہوں نے کہا کہ بجٹ عوام دوست ہواتو نوک جھونک کے بعد منظور ہوجائے گا،بجٹ نے غریب آدمی کی کمر توڑی تو ہم بھی آواز اٹھائیں گے۔