ہریش اینڈ کمپنی کیس،اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف زرداری کی درخواست ضمانت نمٹا دی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ نے ہریش اینڈ کمپنی کیس میں آصف زرداری کی درخواست ضمانت نمٹا دی جبکہ میگامنی لانڈرنگ کا فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائے گا،عدالت نے نیب ڈائریکٹر انویسٹی گیشن کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہریش اینڈ کمپنی کیس میں آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے سماعت کی ،تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے درخواست پر جواب بھیج دیا ہے، عدالت نے کہا کہ اگر آپ جواب کی کاپی نہیں لائے تو عدالت میں کیوں آ گئے ہیں؟عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب ڈائریکٹر انوسٹی گیشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس محسن اخترکیانی نے کہا کہ نیب کی وجہ سے کیس التوا کا شکار ہے،جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ضمانت کی درخواست میں جواب جمع کرانے کے لیے کتنا وقت لگتا ہے، عدالت نے 8مئی کو نیب سے جواب مانگا آج 10جون ہو گئی،جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نیب تفتیشی نے تحریری جواب کیوں نہیں دیا، آپ لوگوں کی ایسے ہی پکڑ دھکڑ کررہے ہیں،ملزمان کا جو حق ہے وہ تو ان کو دینا ہوگا، نیب تفتیشی نے کہا کہ ہریش اینڈ کمپنی کیس میں آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے،عدالت نے ہریش اینڈ کمپنی کیس میں درخواست ضمانت نمٹا دی۔
واضح رہے کہ ہریش اینڈکمپنی کیس میں بھی آصف زرداری عبوری ضمانت پر ہیں ،سابق صدراور ان کی ہمشیرہ میگامنی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ سنے بغیراسلام آباد ہائی کورٹ سے روانہ ہو گئے ۔