آصف زرداری کی گرفتاری کا سب سے زیادہ فائدہ کس کو ہو گا؟ حامد میر نے بڑا دعویٰ کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سینئر صحافی حامد میر نے کہاہے کہ آصف زرداری کی گرفتاری کا سب سے زیادہ فائدہ اپوزیشن کو ہو گا ، کہ 2007 میں جو صورتحال تھی وہی تاریخ دہرائے جانے کا امکان ہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہاہے کہ آصف زرداری کی گرفتار پر رد عمل پارلیمنٹ کے اجلاس میں نظر آئے گا جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی پہلے ہی حکمت عملی وضع کرنے پا اتفاق کر چکے ہیں ، بہت سی چیزیں اکھٹی ہو گئی ہے ، ایک طرف نوازشریف جیل ہیں اور آصف زرداری بھی جیل چلے جائیں گے ، تیسری طرف ججز کے خلاف ریفرنس ہیں اس پر وکلاءکی تنظیموں نے احتجاج کا اعلان کر دیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی نے کے پی کے میں مظاہرے شروع کر دیئے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان پارلیمنٹ سے باہر تحریک چلانے کے حق میں ہیں ۔ حامد میر کا کہناتھا کہ آصف زرداری کی گرفتار ی کا مجموعی طور پر اپوزیشن کو بہت فائدہ ہو گا ۔ان کا کہناتھاکہ 2007 میں جو صورتحال تھی وہی تاریخ دہرائے جانے کا امکان ہے ، 2007 میں کچھ اپوزیشن پارٹیز پرویز مشرف کی حکومت کے ساتھ بیک ڈور رابطوں سے بات چیت کر رہی تھی لیکن اچانک جسٹس افتخار محمد چوہدری کو عہدے سے معزول کر دیا گیا اور وکلاءنے تحریک شروع کر دی ، سیاسی جماعتیں پیچھے رہ گئیں اور وکلاءکی تحریک آگے نکل گئی جس کے بعد سیاسی جماعتیں وکلاءکے پیچھے چلنے پر مجبور ہو گئیں تھیں ۔
ان کا کہناتھا کہ ابھی تک سیاسی جماعتوں نے احتجاج کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے جبکہ وکلاءنے 14 جون سے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیاہے اور پھرسے سیاسی جماعتوں سے آگے نکل گئے ہیں ، مجھے لگتاہے کہ سیاسی جماعتیں وکلاءکے پیچھے چلیں گی ، وکلا کا ایشو عدلیہ کی آزادی ہو گا جبکہ سیاسی جماعتوں کا مہنگائی ہو گا ، صورتحال 2007 سے زیادہ پیچیدہ بھی ہو سکتی ہے ۔