پشتون تحفظ موومنٹ راﺅ انور کے ہاتھوں قتل ہونے والے نقیب اللہ کے نام پر سیاست کررہی ہے، لیکن نقیب اللہ کے باپ کا پاک فوج کے بارے میں کیا خیال ہے؟ واضح اعلان کردیا
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پشتون تحفظ موومنٹ راﺅ انوار کے ہاتھوں قتل ہونے والے نقیب اللہ محسود کے نام پر اپنی سیاست چمکا رہی ہے اور ملک دشمن سرگرمیاں کر رہی ہے۔ اب اس معاملے میں نقیب اللہ محسود کے والد خود سامنے آ گئے ہیں اور پاک فوج کے متعلق اپنا واضح موقف لوگوں کو بتا دیا ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق نقیب اللہ کے والد محمد خان نے کہا ہے کہ ”جو لوگ بھی پاک فوج کے خلاف منفی پراپیگنڈا کر رہے ہیں وہ درحقیقت پاکستان کے مخالف ہیں۔“
محمد خان کا کہنا تھا کہ ”ہم اپنے علاقے میں فوج کی موجودگی کی حمایت کرتے ہیں اور اس کے خلاف لگنے والے نعروں کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ ملک کسی ایک شخص یا گروپ کا نہیں ہے، یہ ہر پاکستانی کا ملک ہے۔ “ محمد خان نے اپنے ویڈیو بیان میں قیام امن کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کی ستائش کی اور پشتون تحفظ موومنٹ کو ہدایت کی کہ وہ پاک فوج کی حمایت کریں اور غیرملکی ایجنڈے کی پیروی ترک کر دیں۔