حمزہ شہبازاگلے 48 گھنٹوں میں گرفتار ہوں گے، سابق وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، موجودہ وزرا سمیت کون کون اندر ہونے جارہا ہے؟ سینئر صحافی نے تمام سیاسی جماعتوں کے ہوش اڑادیے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی چوہدری غلام حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران حمزہ شہباز سمیت کئی حکومتی وزرا اور سابق وزرا اندر ہوں گے۔
نجی ٹی وی جی این این کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری غلام حسین نے دعویٰ کیا کہ شاہد خاقان عباسی اگلے چند روز میں گرفتار ہوجائیں گے جبکہ سابق وفاقی وزیر انوشہ رحمان سمیت کئی سابق وزرا اور وزرائے اعلیٰ ، پی ٹی آئی کی حکومت کے موجودہ وزیر اعلیٰ اور سابق وزیر اعلیٰ اور کئی وزیر ، مشیر اور ایم این اے بھی جارہے ہیں۔
چوہدری غلام حسین نے کہا ’وہ‘ کہتے ہیں کہ کسی کے ساتھ کوئی رو رعایت نہیں ہے ، ہم فائلوں کی بنیاد پر کارروائی کریں گے۔ پنجاب میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز ایک سے زیادہ کیسز میں اگلے 48 گھنٹوں میں جیل کے اندر ہوں گے، ان کے خلاف کئی محکموں نے وارنٹ جاری کردیے ہیں۔ سینئر صحافی نے کہا کہ زرداری کیس میں مختلف لوگوں کے ایک ہزار ارب روپے سے زیادہ کے جعلی اکاﺅنٹس پکڑے گئے ہیں۔