آئی ایم ایف کی شرائط پر بجٹ بنانے کی مذمت کرتے ہیں،ذکر اللہ مجاہد

آئی ایم ایف کی شرائط پر بجٹ بنانے کی مذمت کرتے ہیں،ذکر اللہ مجاہد

  

لاہور(سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ملکی بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط پر بنانے کی مذمت کرتے ہیں۔آئی ایم ایف سے قرض لینا ملکی معیشت کے لیے کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہے۔تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آنے والی حکومت ملک میں کو ئی بھی تبدیلی نہیں لاسکی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاریکس کالونی شاہدرہ میں عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب میں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد فاروق چوہان، عدیل مصطفی،حاجی اشرف، محمد ارشد، خواجہ امجد، سمیر احمد اور دیگر اہل علاقہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمران مزید قرضوں کے حصول کیلئے عوام کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے سے باز رہیں۔

سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملک و قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں عوام دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہے جبکہ ہمارے حکمران زبانی جمع خرچ کرکے عوام کو لالی پاپ دینے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی کی بے لوث اور مخلص قیادت ہی لاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی اکثریت ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتی ہے جس دن ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہوئے کرپٹ مافیا اور لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں کا صفایا ہو جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -