حکومت تاریخ کا مشکل ترین بجٹ پیش کرنے جارہی ہے،ہمایوں اختر

حکومت تاریخ کا مشکل ترین بجٹ پیش کرنے جارہی ہے،ہمایوں اختر

  

لاہور(سٹی رپورٹر) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث حکومت تاریخ کا مشکل ترین بجٹ پیش کرنے جارہی ہے،حکومت ہر وہ اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے معیشت کا پہیہ اپنی رفتار سے گھومے اور انشااللہ پاکستان کے بد خواہوں کو منہ کی کھانا پڑے گی،مسلم لیگ (ن) وسط مدتی انتخابات کے خواب دیکھنا چھوڑ کر اپنی سیاسی بقاء کی فکر کرے۔ صنعتکاروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجودمثبت پیشرفت کر رہی ہے۔

جس کی وجہ سے اپوزیشن کے پیٹ مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ آج ہمیں جن حالات کا سامنا ہے کیا ان حالات میں اپوزیشن کو سیاسی پوائنٹ سکورننگ کرنا زیب دیتا ہے۔

۔ حکومت ایک طرف لوگوں کی جانیں بچانے اور دوسری طرف معیشت کا پہیہ رواں دواں رکھنے کیلئے کوشاں ہے ۔ آج وسائل رکھنے والے ممالک بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کر رہے ہیں تاکہ معیشت چلے۔ خدانخواستہ اگر پاکستان میں کاروبار بند ہو گئے تو انہیں وسائل مہیا کر کے بھی پاؤں پر کھڑا نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری پہلی ترجیح کروڑوں لوگو ں کو خط غربت سے نیچے جانے سے بچانا ہے اور اس کیلئے حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ ہم موجودہ حالات سے ہرگز مایوس نہیں بلکہ مشکل کی گھڑی سے تقویت لے کر سر خرو ہوں گے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جس جماعت میں رسہ کشی عروج پر ہے وہ آج وسط مدتی انتخابات کے خواب دیکھ رہی ہے، ایسے عناصر مایوسی پھیلا کر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں لیکن انہیں وقت آنے پر عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -