وزیراعظم قومی کھیل ہاکی کے گرتے معیار کا نوٹس لیں،راؤ سلیم

وزیراعظم قومی کھیل ہاکی کے گرتے معیار کا نوٹس لیں،راؤ سلیم

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) اؤلیمپیئن راؤ سلیم ناظم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں قومی کھیل ہاکی کے گرتے ہوئے معیار کا نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں دنیا پر حکمرانی کی ہوئی ہے جن میں ہاکی، سکواش، کرکٹ، سنوکر اور کبڈی شامل ہیں، سب سے زیادہ ہاکی اور سکواش پر پاکستان نے دنیا پر حکمرانی کی، راؤ سلیم ناظم نے کہا کہ ایک دور تھا کہ پاکستان کی دنیا میں ہاکی کے نام کے حوالے سے پہچان تھی، آج پاکستان کا قومی کھیل ہاکی کہاں کھڑا ہے؟ حالانکہ حکومت نے ہاکی پر اربوں روپے خرچ کر رکھے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنا اتنا آسان ہدف نہیں جب تک فیڈریشن کے عہدیدار نیک نیتی سے کام نہ کریں۔

۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ہر عہدیدار نیچے سے اوپر تک ہاکی ترقی کے لئے نہیں بلکہ اپنی کرسی بچانے کے چکر میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست نے ہاکی کے کھیل کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور پوری ہاکی فیملی کو اس پر بہت دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے کہ اس کی ترقی کے لئے سنجیدگی سے کام کیا جائے ورانہ اس کھیل کا معیار مزید گر جائے گا۔راؤ سلیم ناظم نے عمران خان اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی کھیل کی ترقی کے لئے اقدامات کریں کیونکہ اس وقت دنیا میں پاکستان ہاکی ٹیم بہت پیچھے ہے جن ملکوں نے ہم سے ہاکی سیکھی وہ آج کہاں پر کھڑے ہیں۔ کورونا وائرس کی وباء کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا کے کھیلوں کے میدان ویران ہوچکے ہیں اور اس موذی مرض سے محفوظ رہنے کے لئے کھلاڑیوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا بہت ضروری ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -