وزیراعظم کا پٹرول کی قتل پر اظہار برہمی، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم، ملکی معاشی حالات کے پیش نظر اب لاک ڈاؤن ممکن نہیں: عمران خان

وزیراعظم کا پٹرول کی قتل پر اظہار برہمی، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم، ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، آن لائن) وفاقی کابینہ کے منگل کو ہونے والے اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں میں پٹرول کی قلت کا سخت نوٹس لیاگیا،وزراء نے ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا اس پر وزیراعظم عمران خان نے بھی پٹرول بحران پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ ایک روپیہ قیمت بڑھائیں تو ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے اب 7روپے گزشتہ ماہ کم کئے مہنگائی کم ہوئی نہ ہی پٹرول لوگوں کو سستے داموں دیا جارہا ہے جنہوں نے یہ مصنوعی بحران پیدا کیا ان کیخلاف سخت کارروائی ہوگی ۔ وزراء نے پٹرول بحران پر وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب سے سخت سوالات کئے اور کہا کہ بتایا جائے کہ یہ مصنوعی بحران کون پیدا کررہا ہے کیونکہ وزارت پٹرولیم کی غفلت سے عوام رسوا اور خوار ہورہے ہیں قیمتوں میں کمی میں فائدے کی بجائے عوام کو نقصان ہورہا ہے۔ پٹرول پمپوں کے باہر لوگوں کی طویل قطاریں ہیں اس سے حکومت کی بدنامی ہورہی ہے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ متعلقہ وزارت اور وزیر کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ اوگرا سمیت جوبھی ذمہ دارہوا اسے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ وزراء نے یہ بھی کہا کہ پٹرول کا وافر ذخیرہ موجود ہے مگر اس کے باوجود مصنوعی قلت پیدا کی گئی وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ ملک میں صرف سات روز کا پٹرول کا ذخیرہ ہے۔ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا کہ ملک میں سوا دو لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پٹرول کا ذخیرہ موجود ہے عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت بڑھی تو کچھ کمپنیوں نے خریداری روک دی جس پر ان کیخلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں اور جن آئل کمپنیوں نے سٹاک ختم کیا ان کے لائسنس منسوخ کئے جارہے ہیں اوگرا آئل کمپنیوں کیخلاف ایکشن لے رہا ہے معاون خصوصی ندیم بابر نے کہا کہ ایک دو روز میں وافر مقدار میں پٹرول دستیاب ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شوگر انکوائری رپورٹ کے تناظر میں وزیراعظم کے اقدامات اور فیصلوں کی توثیق کی گئی اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کی سفارشات کو منظور کرلیاگیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلاامتیاز احتساب تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے پی ٹی آئی کو احتساب کے منشور پر عوام نے ووٹ دیا کسی کو بھی اختیارات کے ناجائز اختیارات سے دولت بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بنیادی اشیاء ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر دستیابی اولین ترجیح ہے تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف کاررورائی کیلئے متعلقہ اداروں کو کیسز بھجوادیئے ہیں سیاست کو کاروبار کیلئے استعمال کرنے والوں سے احتساب لیا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پٹرول کی مصنوعی قلت کی یہ صورتحال ناقابل برداشت ہے اور اس حوالے سے سخت فیصلے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کئے جائینگے اس موقع پر وفاقی وزراء مراد سعید اور فیصل واڈا نے پرائیویٹ ہسپتال مافیا کیخلاف بھی ایکشن کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پرائیویٹ ہسپتال مافیا غریب عوام کو لوٹنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ پرائیویٹ ہسپتال مافیا کورونا کے چکر میں عوام کی جیبوں تک ہاتھ ڈال رہے ہیں لہذا ضروری ہے کہ صوبائی حکومتوں کو انتظامی معاملات بہتر کرنے کی ہدایت کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کی آڑ میں اس قسم کے مافیا کا لوگوں کا بوجھ ڈالنا انتہائی افسوسناک ہے وہ پہلے بھی کسی مافیا کے سامنے نہیں جھکے تھے اور اب بھی نہیں جھکیں گے کیونکہ جو عوام کو لوٹے گا اور لوٹ مار میں ملوث ہوگا ان کیخلاف سخت ایکشن لیاجائیگا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق عوام میں آگاہی پھیلائی جائے، ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ممکن نہیں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں لیڈرشپ کا کردار اہم ہے، عوام کے ایک طبقے میں کورونا کے بارے میں ابھی بھی غلط فہمیاں موجود ہیں۔ عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ممکن نہیں کیونکہ جہاں ہمیں ایک طرف کورونا سے خطرہ ہے وہیں پر ہمارے لیے غربت بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ معاشرے میں اضطراب کی بجائے اس صورتحال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہو کر کورونا کے پھیلاؤ کو محدود کیا جا سکتا ہے۔ عوام کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ترغیب دی جائے۔ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کی منظوری دیدی۔ اجلاس کے دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی طرف سے پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کی منظوری دیدی ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کے وقت ملکی مفاد کے ساتھ ساتھ مزدروں کے فائدہ کا بھی خیال رکھا جائے۔اجلاس کے حوالے سے جاری ہونے والے باضابطہ بیان کے مطابق اجلاس میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں، احکامات اور پاکستان سٹیل ملز کے حوالے سے دیگر عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی روشنی میں پاکستان اسٹیل ملز کے ہیومن ریسورس رئیلائزیشن منصوبے کی مکمل اور حتمی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ

مزید :

صفحہ اول -