عوام کوخالص غذا کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائینگے: عثمان بزدار

      عوام کوخالص غذا کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائینگے: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے 6 موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے 10موٹر سائیکلوں پر مشتمل بائیک سکواڈ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مفاد کے سامنے کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے اور صوبے کے عوام کو خالص غذا کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے دودھ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی گاڑیوں اور بائیک سکواڈ کی موٹر سائیکلوں کا معائنہ کیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ملاوٹ مافیاکسی رعایت کا مستحق نہیں،شہریوں کو حفظان صحت کے مطابق معیاری خوراک مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ملاوٹ مافیاکو انسانی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔خالص خوراک ہرشہری کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کی سرکوبی ضروری ہے۔ حکومت پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔ صحت مند خوراک کی فراہمی یقینی بنا کر ہسپتالوں میں رش کم کیا جا سکتاہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پہلے مرحلے میں موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز لاہور کے 6 داخلی راستوں پر دودھ کی کوالٹی کو چیک کریں گی۔ٹھوکر نیاز بیگ، راوی ٹول پلازہ، بھوبتیاں چوک، سگیاں پل، گجومتہ اور بابوصابو پر صبح اور شام مختلف اوقات میں دودھ لے کر آنے والی گاڑیوں کو چیک کیا جائے گا،لاہور میں بغیر چیکنگ اور ٹیسٹنگ کے دودھ کی کوئی گاڑی داخل نہیں ہوسکے گی۔لاہور کے بعد موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور بائیک سکواڈ کا دائرہ کار ہر ڈویژن تک بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بائیک سکواڈ تنگ گلیوں اور گلی محلوں میں جا کر اشیائے خورد و نوش کی کوالٹی کو چیک کرے گا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موبائل لیبارٹریز کے ذریعے 2 منٹ میں دودھ کا ٹیسٹ ہو گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری دفاتر میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدر آمد کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بغیر ماسک کے کسی کوبھی سرکاری دفاتر میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماسک پہننے اور بار بار ہاتھ دھونے کی عادت کورونا سے محفوظ رکھے گی۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد کے علاقہ جھنگ روڈ پر آئل ڈپو میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر فیصل آباد ڈویژن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قبائلی علاقے درگ میں نادرا رجسٹریشن سنٹر کے قیام پر کہا ہے کہ قبائلی علاقے کے مکینوں کو گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کا حصول ممکن ہوسکے گا جبکہ قبائلی علاقے بارتھی میں بھی نادرا رجسٹریشن سنٹر قائم کیا جا رہا ہے جو اگلے چند روز میں فنکشنل ہو جائے گا۔ اسی طرح وہوا میں نادرا سنٹر کو اپ گریڈ کر دیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ ترین علاقوں کے رہائشی قیام پاکستان سے اب تک بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔ماضی کے حکمرانوں نے جان بوجھ کر دورافتادہ علاقوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے رکھا۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کا پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -