ایس پی ہیڈ کوارٹرز جمیل ظفر سے کورونا سے صحتیاب ہونیوالے اہلکاروں کی ملاقات
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر) ایس پی ہیڈ کوارٹرز جمیل ظفر نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کوروناوائرس سے صحتیاب ہونے والے جوانوں سے ملاقات کی۔ایس پی ہیڈ کوارٹرزنے لاہور پولیس کے کوروناوائرس سے صحتیاب ہونے پر جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ جمیل ظفر نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کے جوانوں نے جان کی پرواہ کیے بغیر اپنے فرائض بخوبی سر انجام دیئے۔کورونا وائرس سے صحتیابی کے بعد دوبارہ اپنے فرائض منصبی سنبھالنے پر تمام افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے اِن افسران و جوانوں کا جذبہ فرض شناسی و حب الوطنی کی بہترین مثال ہے۔محکمہ پولیس اپنے جوانوں کی ویلفیئر اور سرپرستی کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گا۔لاہور پولیس کرائم کنٹرول کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑ رہی ہے۔لاہور پولیس کی جانب سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے اہلکاروں کو ویلفیئر فنڈ سے 25، 25 ہزار کے چیک بھی بجھوائے جا چکے ہیں۔کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے جوانوں نے حوصلہ افزائی پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز کا شکریہ ادا کیا۔