شہبازشریف کی نیب میں پیشی نیب نیازی گٹھ جوڑ اور بدنیتی، رانا ثناء اللہ
لاہور(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں نے پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی نیب میں پیشی کو نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدنیتی قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وباء میں شہبازشریف کو کچھ ہوا تومسلم لیگ (ن) کا ہاتھ اور عمران صاحب اور چئیرمین نیب کا گریبان ہوگا 2 جون کو پیشی کا نوٹس دے کر 28 مئی کوشہبازشریف کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدنیتی اورمکاری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا شہبازشریف کو دھوکے سے گرفتار کرنے کی بدنیتی نیب نیازی غنڈہ گردی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہے، 5اکتوبر2018 کوبھی شہبازشریف کو نیب نیازی گٹھ جوڑ نے دھوکے سے گرفتار کیا تھا،شہبازشریف کو صاف پانی میں سوال پوچھنے کے بہانے بلا کر آشیانہ میں گرفتار کیاگیا،رمضان شوگر ملز، گندا نالہ میں کچھ نہ ملا تو نیب نیازی گٹھ جوڑ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات شروع کردیں،شہبازشریف 63 دن نیب کی حراست اور اڑھائی ماہ جوڈیشل ریمانڈ پررہے، نیب نے اس وقت سوال کیوں نہیں پوچھے؟،14 فروری 2019 کو لاہور ہائیکورٹ نے شہبازشریف کی ضمانت منظور کی تو نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ثبوت کیوں پیش نہیں کئے؟،نیب نیازی گٹھ جوڑ کے پاس ثبوت اور دلائل تھے تو سپریم کورٹ سے نیب کیوں فرار ہوا؟،شہبازشریف کے خلاف عمران صاحب کے قریبی دوست نیب نیازی گٹھ جوڑ کا جھوٹا مقدمہ چھوڑ کر سپریم کورٹ سے کیوں فرار ہوئے تھے؟۔