سندھ کی ترقی کیلئے وفاق کا بھرپور تعاون جاری رہے گا،گورنر سندھ
کراچی(آئی این پی) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ کی ترقی کیلئے وفاق کا بھرپور تعاون جاری رہے گا، وفاق کے تعاون سے صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جارہے ہیں،گرین لائن منصوبہ کی تکمیل سے شہریوں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ سفری سہولت حاصل ہوں گی،وفاق بلا تفریق ترقیاتی منصوبے تشکیل دے رہا ہے۔ منگل کو زیر صدارت گورنر ہاؤس میں ایس آئی ڈی سی ایل اور کے ٹی سی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، گورنرسندھ کے مشیر امید علی جونیجو، ایس آئی ڈی سی ایل کے بورڈ ممبر عدنان اصدر نے شرکت کی۔ اجلاس میں گرین لائن منصوبہ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لئے فائر ٹینڈرز کی فراہمی سمیت کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق حکام نے گورنرسندھ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ متعلقہ حکام نے گورنرسندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گرین لائن منصوبہ کی بسوں کی خریداری کے لئے سندھ حکومت نے فیسیلیٹیشن معاہدہ پر دستخط کردیئے ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لئے فائر ٹینڈرز کی فراہمی امسال دسمبر تک متوقع ہے۔
بھرپور تعاون