ن لیگ کارکنوں کے ذریعے نیب پردباؤ نہیں ڈال سکتی: ترجمان پنجاب حکومت

ن لیگ کارکنوں کے ذریعے نیب پردباؤ نہیں ڈال سکتی: ترجمان پنجاب حکومت

  

لاہور(این این آئی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے شہباز شریف کی پیشی پر کارکنوں کونیب آفس پہنچنے کی کال دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف خود کمرے میں بھی ”نقاب“نہیں اتارتے لیکن انہیں کارکنوں کی جانوں کی کوئی پرواہ نہیں،شہباز شریف نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے گاڑی کے شیشے تک نیچے نہیں کئے لیکن نیب کے ادارے پر دباؤ بڑھانے کیلئے کارکنوں کی جان کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ساری (ن) لیگ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومت پر تنقید کے نشتر برساتی ہے لیکن شہباز شریف کی ہائیکورٹ کے بعد نیب میں پیشی کے موقع پر جس طرح کارکنوں کی جانیں خطرے میں ڈالی گئی ہیں وہ لمحہ فکریہ ہے،، ثابت ہو گیا ہے کہ شریف خاندان کو اپنی سیاست کیلئے کارکنوں کی جانوں کی کوئی پرواہ نہیں اور وہ انہیں اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھانے سے بھی گریز نہیں کر رہے۔ا نہوں نے کہا کہ شہباز شریف کارکنوں کے نعروں سے دل تو بہلا سکتے ہیں لیکن احتساب کے ادارے پر دباؤ نہیں ڈال سکتے انہیں اپنے کرپشن کے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اب طے ہو گیا ہے پاکستان اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور اپوزیشن کو یہ بات اپنے دماغ کے ہر خانے میں بٹھانا ہو گی اگر انہوں نے پاکستان میں سیاست کرنی ہے تو عمران خان کے متعارف کرائے گئے شفافیت کے معیار کو اپنانا ہوگا۔

مسرت جمشید

مزید :

صفحہ آخر -