حکومت سندھ کے نا اہل وزراء عوام کی حالت پر رحم کھائیں،خرم شیر زمان

  حکومت سندھ کے نا اہل وزراء عوام کی حالت پر رحم کھائیں،خرم شیر زمان

  

کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے نا اہل وزراء سندھ کے شہریوں کی حالت پر رحم کھائیں۔ سندھ حکومت موجودہ صورتحال میں شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ موجودہ صورتحال میں وزیر صحت کہیں دکھائی نہیں دیتیں۔ اس صورتحال میں بھی وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے پر وزیر اعظم کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کرونا سے لڑنے کے لئے ایک ہزار بیڈز بمعہ آکسیجن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں پی ٹی آئی کراچی کے اراکین اسمبلی کی کوششوں کی بدولت کراچی کے لئے 20فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے جوبھی امداد سندھ حکومت کو دی اس کا درست طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا۔ حکومتی وزراء میڈیا پر بیان بازی اور نوٹیفکیشن نکالنے کے علاوہ کچھ نہیں کررہے۔سندھ میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویشناک ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلتے ہیں سندھ کے محکمہ صحت کی اعلیٰ کارکردگی کا پول کھل گیا تھا۔ موجودہ حالات میں ثابت ہوگیا ہے کہ سندھ کا محکمہ صحت کرپشن کا مرکز ہے۔ سندھ کے ہسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز میں مریضوں کو رکھنے کے لئے جگہ نہیں ہے۔ سندھ حکومت ضلعی سطح پر آئسولیشن سینٹرز کا قائم کرے۔ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں بھی ناکافی انتظامات کی وجہ سے ڈاکٹرز اور عملہ تیزی سے کورونا وائر س میں مبتلاہورہے ہیں۔ پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا مریض کو داخل کرنے کے لئے 10لاکھ روپے تک وصول کئے جارہے ہیں۔ سن کوٹے پر آئے ہوئے مشیر کہتے ہیں کہ سندھ کے ہسپتالوں میں لوگ باہر سے علاج کروانے آتے ہیں۔ مشیر صاحب پہلے کراچی کے شہریوں کے لئے ہسپتالوں میں جگہ کا بندوبست کرلیں پھر باہر سے آنے والوں کا علاج کریں۔

مزید :

صفحہ آخر -