ایف پی سی سی آئی انشورنس کمیٹی کے ممبرسلیم نواز انتقال کرگئے
کراچی (پ ر)بینکنگ اور انشورنس سیکٹر کے ماہر اور ایف پی سی سی آئی کی مرکزی انشورنس کمیٹی برائے انشورنس کے فعال ممبر سلیم نواز کرونا وائرس سے جنگ لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ سلیم نواز کی وفات پر ایک آن لائن تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا جس میں مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ایف پی سی سی آئی بزنس مین پینل کے سینئر نائب صدر میاں زاہد حسین، ایف پی سی سی آئی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینئر ڈاکٹر مرتضی مغل، قاضی آصف سعید سی ای اوindemnifier پرائیویٹ لمیٹڈ، سید تراب شاہ سابق ڈپٹی کنوینر ایف پی سی سی آئی سینٹرل اسٹیڈنگ کمیٹی کارپوریٹ ریلیشن اینڈ کمیونیکشن، یو آئی سی کے التمش ملک اور دیگر افراد نے ریفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے افغانستان انٹرنیشنل بینک، بینک آف پنجاب، سنہری بینک اور متعدد ملکی اور کثیر القومی کمپنیوں میں اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دیں اور ان میں اصلاحات کیں۔ وہ پراڈکٹ ڈوپلمنٹ، مارکیٹنگ، سسٹم ڈوپلمنٹ، ٹرننگ، ری انجیئرنگ ار آپریشنل امور کے ماہر تھے اور انہوں نے بینکنگ اور انشورنس انڈسٹری کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں اور کئی نئی پراڈکٹس لانچ کیں وہ ایک شفیق انسان ہونے کے علاوہ انتہائی ماہر اور بااصول پیشہ ور کی حیثیت کی جانے جاتے تھے اور ملک بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ وہ اپنے ماتحت عملہ سے دوستانہ تعلق رکھتے تھے اور انکے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لیتے تھے جبکہ انکا رویہ اپنے افسران اور ساتھیوں کے ساتھ مثالی تھا۔ انکی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ آخر میں میٹنگ کے شرکا نے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔