سی ایس آر اصولوں پر عملدرآمد کیلئے قانون سازی کی جائے،امتیاز شیخ

سی ایس آر اصولوں پر عملدرآمد کیلئے قانون سازی کی جائے،امتیاز شیخ

  

کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمہ توانائی سندھ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احکامات دیئے ہیں کہ سندھ کے وہ علاقے جو قدرتی وسائل سے مالامال ہیں ان علاقوں میں روزگار، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، سڑکوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے کارپوریٹ سوشل رسپانیبیلیٹی CSR کے اصولوں کے تحت فنڈز مہیا کرنے اورسی ایس آر کے اصولوں پر لازمی عملدرآمد کرنے کے لئے قانون بنایا جائے اور مذکورہ قانون کا ڈرافٹ 15 دن میں پیش کیا جائے۔وزیر توانائی سندھ کی ہدایات پر فوری طور پر محکمہ توانائی, محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تھر فانڈیشن کے جنرل مینیجر نصیر میمن کی سربراہی میں قائم کردی گئی جو 15 دن میں مذکورہ قانون کا ڈرافٹ پیش کرے گی جسے وزیر اعلی سندھ اور سندھ کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں منعقدہ اس وڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے عوام کی بہبود اور خوشحالی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کے قدرتی وسائل کا فائدہ ان علاقوں کے عوام تک پہنچانے کے لئے سی ایس آر کے اصولوں پر عمل درآمد لازم ہے اسی مقصد کے لئے یہ قانون بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کی منظوری سے صوبے کے پسماندہ علاقوں کے عوام کی بہبود کے بہت سے دروازے کھلیں گے۔اجلاس میں سیکریٹری توانائی سندھ مصدق احمد خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

مزید :

صفحہ آخر -