چیف ٹریفک آفیسر کی اوور لوڈ گاڑیوں کیخلاف کارروائیوں کے احکامات

چیف ٹریفک آفیسر کی اوور لوڈ گاڑیوں کیخلاف کارروائیوں کے احکامات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک پولیس پشاور وسیم احمد خلیل نے ٹریفک حکام کو اوور لوڈ گاڑیوں کیخلاف کارروائیوں کے ا حکامات جاری کردیئے۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سیکٹرز کے ٹریفک آفیسرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ٹریفک آفیسرز نے شہر بھر میں ٹریفک نظام سے متعلق چیف ٹریفک آفیسر کو بریفنگ دی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ٹریفک افسران شہر میں اوور لوڈ گاڑیوں کے داخلے پر مکمل طور پر پابندی عائد کی جائے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل نے کہا کہ اوور لوڈ گاڑیوں سے سڑک کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ اس سے ٹریفک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں جس کے پیش نظر اس کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ٹریفک افسران شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے سمیت کورونا وائرس سے بچنے کیلئے اپنا آگاہی مہم جاری رکھے تاکہ اس خطرناک اور جان لیوا وباء پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے آگاہی مہم کا سلسلہ اس عالمی وباء کے خاتمے تک جاری رہے گا۔