لین دین کے تنازعے پر اغواء ہونے والی خاتون بازیاب

لین دین کے تنازعے پر اغواء ہونے والی خاتون بازیاب

  

پشاور(کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے رقم لین دین کے تنازعہ پر اغوا ہونے والی خاتون کو بحفاظت بازیاب کرکے واردات میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، چاروں گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والے دو عدد موٹر کار، دو عدد موٹر سائیکل بھی برآمد کر لئے گئے ہیں جن سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعیہ مسماۃ (ص) زوجہ ریاض علیشاہ نے تھانہ گلبہار پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ ان کا مسمی قاسم وغیرہ کے ساتھ رقم کا تنازعہ چلا آ رہا ہے جس پر ملزم قاسم نے ساتھیوں کی مدد سے اس کی بہو مسماۃ (ر) کو لاہوری گیٹ سے اغواء کر لیا ہے جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس پی سٹی محمد شعیب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی گلبہار سجاد حسین کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ گلبہار احمد اللہ پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کو گرفتار کر کے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کرانے کا ٹاسک حوالہ کیا جنہوں نے فوری طور پر کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا جبکہ مصدقہ اطلاع پر حرکت میں آتے ہوئے چار ملزمان قاسم ولد جاوید، ارشد اور صابر پسران زیارت جان اور باسط ولد قاسم جان ساکنان اچینی بالا کو گرفتار کرتے ہوئے مغویہ خاتون کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، چاروں گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والے دو عدد موٹر کار اور دو عدد موٹر سائیکل بھی برآمد کر لئے گئے ہیں جن سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -