عالمی برادری کشمیر میں ماورائے قتل کے واقعات کا نوٹس لے، علی امین گنڈا پور

عالمی برادری کشمیر میں ماورائے قتل کے واقعات کا نوٹس لے، علی امین گنڈا پور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جاری بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت کی انتہا کررکھی ہے،کشمیری نوجوانوں کو گھر گھر تلاشی کی آڑ میں روزانہ شہید کیاجارہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جس کا عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ منگل کو وفاقی وزیر نے اپنے مذمتی بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو نافذ ہوئے تقریباً 10 ماہ گزر چکے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کسمپرسی کے عالم میں دُنیا کی سب سے بڑی جیل میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔پوری دُنیا کو رونا وائرس کے باعث لاک ڈاون کو چند ہفتے برداشت کرنے میں ناکام ہو گئی اوردُنیا میں غربت کے لیول میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ ان حالات سے مقبوضہ کشمیرمیں مہینوں سے جاری لاک ڈاون اور کرفیو سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حالات زندگی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ آج جس طرح پوری دُنیا میں نسل پرستی کے خلاف آواز اٹھائی جارہی ہے اسی طرح دُنیا کو بھارت کی جانب سے ہندو انتہا پسندی کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف جاری تعصب کے خلاف بھی آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں ہندو انتہا پسند فاشسٹ سوچ اور عزائم خطرناک صورت اختیارکر چکے ہیں جس سے پورے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی انصاف کے ادارے اورانسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں اور بھارت کو انتہا ہی اقدامات سے باز رکھنے کے لیے اس کے خلاف عالمی پابندیاں لگانی انتہائی ضروری ہو چکی ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کسی صورت بھی کشمیریوں کے جذبہ حق خود ارادیت اور جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتے اور غیور بہادر کشمیری بھارت سے اپنی آزادی چھین کر رہیں گے۔ پاکستان ایل او سی پر کسی قسم کی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے گا اور پاکستان کشمیریوں کی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔
علی امین گنڈاپور