وکلاء آئے روز عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ سے اجتناب کریں‘ تنویر شہزاد ایڈوکیٹ

وکلاء آئے روز عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ سے اجتناب کریں‘ تنویر شہزاد ...

  

صوابی (بیورورپورٹ) تحصیل بار ایسو سی ایشن لاہور ضلع صوابی کے صدرتنویر شہزاد ایڈوکیٹ نے تمام وکلاء برادری پر زور دیا ہے کہ وہ آئے روز عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ سے اجتناب کرنا چاہیے۔ کیونکہ آئے روز وکلاء کی عدالتوں سے بائیکاٹ کی وجہ سے ہزاروں مقدمات میں بغیر کسی کاروائی کے تاریخ پیشی تبدیل ہو جاتے ہیں۔ ایک تحریری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سائلین اور جیل میں بند قیدی تاریخ پیشی کا شدت سے انتظار کرتے ہیں جب پیشی کا دن آتا ہے تو ہم وکلاء کسی معقول یا نامعقول وجہ سے ہڑتال پر چلے جاتے ہیں۔ کیا گزرتی ہے سائلان کے دلوں پر یہ تو آپ ان سے پوچھیں۔ البتہ پیٹ پیچھے سہی لیکن وکلاء کو ماں بہن کی گالیاں دی جاتی ہیں۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ سستا اور فوری انصاف پہنچانے میں ہم وکلاء ہی روکاوٹ بنتے ہیں لاہور بار ایسوسی ایشن نے پچھلے سال قرارداد منظور کی تھی کہ بے جا ہڑتالوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ البتہ اگر ہڑتال کرنا ناگزیر ہو تو جس تحصیل اور ضلع میں واقعہ پیش آیا ہو وہیں مقامی عدالتوں سے بائکاٹ کیا جائے۔میں نے اپنے طور گزشتہ سال اعلان کیا تھا اگر خدا نا خواستہ میں قتل کر دیا جاؤں تب بھی میری بار اور بار کونسل کوئی ہڑتال نہ کرے۔ تاکہ میری وجہ سے خدا کے مخلوق کو تکلیف نہ پہنچے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -