گورنرسندھ نے راشن کے 4 ٹرک اراکین اسمبلی کے حوالہ کردیئے

گورنرسندھ نے راشن کے 4 ٹرک اراکین اسمبلی کے حوالہ کردیئے

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے راشن کے 4 ٹرک لیاری سے منتخب رکن قومی اسمبلی عبد الشکور شاد اور رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی کے حوالے کئے۔اس موقع پر گورنرسندھ نے رکن قومی اسمبلی عبد الشکور شاد اور رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی کو ہدایت کی کہ وہ راشن کے بیگز مستحق افراد میں فوراً تقسیم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ لیاری میں دیہاڑی دار طبقہ کی بڑی تعدا د رہائش پذیر ہے تاریخی اہمیت کے حامل علاقہ کے مکینوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے اس ضمن میں صوبہ کے ہر ایک علاقہ میں متاثرہ افراد تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم کی ٹائیگر فورس عوام کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ متاثر ہ افراد کی نشاندہی بھی کرے گی،ٹائیگر فورس کی تشکیل سے مستحق افراد تک با آسانی پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے بالاتر عوامی خدمت کے وژن پر عمل پیرا ہیں،بلاشبہ یہ ایک مشکل وقت ہے، حکومت عوام کے تعاون سے اس سے نکل سکتی ہے اس وقت کورونا وائرس اورلاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہورہا ہے وفاق کو دیہاڑی دار طبقہ کو درپیش مشکلات کا بخوبی ادراک ہے خاص طور پروزیراعظم کی عام لوگوں کو درپیش مشکلات پر کڑی نظر ہے اب ہمیں کورونا وائرس کے ساتھ ہی جینا ہوگا۔گورنرعمران اسماعیل نے کہا کہ احتیاطی تدابیر،سماجی فاصلہ، گھروں میں رہنے کو ترجیح دینا وقت کا اہم تقاضہ ہے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ کورونا وائرس کب ختم ہوگا اور اس کی دوا کب تک تیار ہوگی ہمیں خود کو ایک ذمہ دار شہری ثابت کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر وفاق یکساں وسائل فراہم کرنے کے وژن پر گامزن ہے پورے ملک میں یکساں پالیسی کے ذریعہ طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -