پیٹرول کی قیمتوں میں کمی، حکومت اپنی رٹ قائم میں کرنے میں ناکام ہو گئی: حافظ نعیم الرحمن 

پیٹرول کی قیمتوں میں کمی، حکومت اپنی رٹ قائم میں کرنے میں ناکام ہو گئی: حافظ ...

  

کراچی (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرولیم سیکٹر میں حکومت اپنی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ پیٹرول کی مصنوعی قلت اور اکثر پمپس کی بندش نے عوام کے لیے نئی مشکلات اور پریشانیاں پیدا کر دی ہے۔ نئی قیمتوں کو ایک ہفتے سے زائد ہو گیا ہے لیکن عوام کے لیے اس قیمت پر پیٹرول دستیاب نہیں ہے جبکہ دوسری جانب گزشتہ چند ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں مسلسل کمی کے باوجود اشیاء صرف اور دیگر چیزوں کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہیں مل سکا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو دیگر چیزوں کی قیمتوں میں بھی فوراً اضافہ کر دیا جاتا ہے اور پیٹرولیم کمپنیاں بھی فوراً نئے نرخوں کے مطابق فروخت شروع کر دیتی ہیں لیکن جب پیٹرول سستا کیا گیا تو مصنوعی قلت پیدا کر کے فروخت عملاً بند کر دی جاتی ہے، عوام کو فائدہ کوئی نہیں دینا چاہتا اور حکومت کی طرف سے بھی زبانی جمع خرچ اور نوٹس لینے کی خبریں جاری کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا گیا اور تاحال پیٹرول کی فراہمی اور دستیابی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی اداروں کو فروخت تو کردیتی ہے لیکن پھر ان اداروں پر اپنی رٹ قائم نہیں کر پاتی اور یہ من مانی کرتے ہیں کے الیکٹرک اس کی واضح مثال کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے۔ پیٹرول کے حالیہ بحران میں بھی اور حکومت بھی ان کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک طرف پیٹرول کی قلت اور بحران کا مسئلہ ہے تو دوسری طرف پیٹرولیم لیوی ٹیکس بڑھانے کی بھی باتیں ہو رہی ہیں اور ٹیکسز میں اضافہ کر کے قیمتوں کو دوبارہ بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو عوام کے ساتھ نا انصافی اور ظلم کے مترادف ہو گا۔ حکومت پیٹرول کے مقررہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنائے اور قیمتوں میں کمی کے ثمرات حقیقی طور پر عوام تک منتقل کیے جائیں۔

مزید :

صفحہ آخر -