سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات میں اضافہ کیوں ہورہا ہے؟

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات میں اضافہ کیوں ہورہا ہے؟
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات میں اضافہ کیوں ہورہا ہے؟

  

ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)گزشتہ چد روز سے سعودی عرب میں ایک بار پھر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اور اموات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ 

کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ بتاتے ہوئے سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں شہریوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے جس کی وجہ سے مملکت میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد اور اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

 سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ سماجی فاصلے کے ضابطے اور پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے 40 فی صد کیس وزارت صحت کی رہ نما ہدایات کی پاسداری نہ کرنے کا نتیجہ ہیں۔

انھوں نے وضاحت کی ہے کہ بیسیوں نوجوان مرد وخواتین نے گھروں سے باہر نکلتے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہیں کی، باہر گھوم پھر کر جب وہ اپنے گھروں کو لوٹے تو ان کا خاندان کے ارکان سے میل ملاپ ہوا،ان میں ضعیف العمر اور بچے بھی شامل تھے اور اس طرح وہ دوسرے لوگوں میں کرونا وائرس منتقل کرنے کا ذریعہ بنے ہیں جبکہ  ضعیف العمر افراد یا دائمی امراض میں مبتلا افراد اس نئے مہلک وائرس کا بھی شکار ہورہے ہیں۔

انھوں نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر عوامی مقامات میں بڑے اکٹھ یا اجتماعات سے گریز کریں،سماجی فاصلہ اختیار کریں، اپنے ہاتھوں کو باقاعدگی سے دھوتے رہیں اور گھروں سے باہر ہمہ وقت ماسک پہن کررکھیں۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے گذشتہ جمعہ کو خبردار کیا تھا کہ اگر دارالحکومت الریاض میں کیسوں کی تعداد میں اسی طرح مسلسل اضافہ جاری رہا تو پھر شہر میں دوبارہ سخت پابندیاں نافذ کی جاسکتی ہیں۔

مزید :

بین الاقوامی -عرب دنیا -کورونا وائرس -