”شائقین کو سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جائے“ بریٹ لی نے انتہائی حیران کن مطالبہ کر دیا

”شائقین کو سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جائے“ بریٹ لی نے انتہائی حیران کن ...
”شائقین کو سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جائے“ بریٹ لی نے انتہائی حیران کن مطالبہ کر دیا

  

سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باﺅلر بریٹ لی نے کہا ہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے مابین چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شائقین کو سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جائے۔

تفصیلات کے مطابق بریٹ لی نے یہ مطالبہ بھارت کے سابق مایہ ناز بیٹسمین سچن ٹنڈولکر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ایک موبائل ایپ کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے بریٹ لی کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ جب اس سال ہندوستان اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی تو شائقین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی کیونکہ ان کی موجودگی سے کھلاڑیوں کو حوصلہ ملتا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اگر شائقین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہ دی گئی تو پھر سٹیڈیم میں سپیکر نظام موجود ہوسکتا ہے جس میں ان کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز آٹھ جولائی سے شروع ہوگی جس میں سٹیڈیم میں شائقین کے داخلے پر پابندی رہے گی۔اس سیریز کے بعد بھارت اور آسٹریلیا کے مابین سال کے آخر میں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی شیڈول ہے جو برسبین، ایڈیلیڈ، میلبورن اور سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلی جائے گی۔

اگرچہ اس سیریز کو سال کی سب سے زیادہ اہم دو طرفہ سیریز میں سے ایک قرار دیا گیا ہے ، لیکن کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ شائقین کو سٹیڈیم پہنچ کر میچ سے لطف اندوز ہونے کی اجازت ہوگی یا نہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمی تعطل کا شکار ہے ایسی صورتحال میں کرکٹ دوبارہ شروع ہونے پر اسٹیڈیم میں شائقین کی غیر موجودگی میں کھیل کی بات کی جا رہی ہے۔

مزید :

کھیل -