متحدہ عرب امارات کا ایک ماہ میں دوسرا طیارہ اسرائیل پہنچ گیا،اس بار جہاز میں کیا لے جایا گیا؟ خبرآگئی

متحدہ عرب امارات کا ایک ماہ میں دوسرا طیارہ اسرائیل پہنچ گیا،اس بار جہاز میں ...
متحدہ عرب امارات کا ایک ماہ میں دوسرا طیارہ اسرائیل پہنچ گیا،اس بار جہاز میں کیا لے جایا گیا؟ خبرآگئی

  

مقبوضہ بیت المقدس(ڈیلی پاکستان آن لائن) سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود رواں ماہ میں متحدہ عرب امارات کا دوسرا جہاز اسرائیل پہنچ گیا۔ ڈان نیوز کے مطابق طیارے میں اس بار بھی فلسطینیوں کے لیے کورونا وائرس سے لڑنے میں مدد کے لیے طبی امداد بھیجی گئی ہے۔

مئی کے وسط میں متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے لیے اپنی پہلی پرواز چلائی، اتحاد ایئرویز کی اس پرواز میں فلسطینیوں کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کی امداد شامل تھی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا کہ طیارے کے بارے میں معلومات رکھنے والے ذرائع نے بتایا کہ منگل کو طیارے میں پہلی مرتبہ عرب ایئرلائنز کا لوگو بھی لگا ہوا تھا۔ماہرین کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ طیارے پر اتحاد ایئرویز کا لوگو بھی لگا ہوا تھا۔

دوسری جانب اسرائیل کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ متحدہ عرب امارات سے اسرائیل کے لیے منگل کو جانے والی پرواز دوسری پرواز تھی۔ ‘متحدہ عرب امارات سے یہ دوسری براہ راست پرواز ہے اور اس میں فلسطینیوں کے لیے طبی امداد ہے‘ جو اقوام متحدہ کو تقسیم کرنے کے لیے دی جائے گی‘۔

ادھر فلسطین کے وزیر اعظم محمد اشتیہ کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو پرواز کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

واضح رہے  اردن اور مصر کے سوا عرب ممالک کے اسرائیل سے باضابطہ کوئی سفارتی تعلقات نہیں لیکن ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کی ایران سے دشمنی کے تناظر میں اب ان کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔

مزید :

بین الاقوامی -عرب دنیا -