”گیند پر تھوک لگانے کی پابندی باﺅلرز کو ’روبوٹ‘ بنا دے گی“ وسیم اکرم نے خبردار کر دیا

”گیند پر تھوک لگانے کی پابندی باﺅلرز کو ’روبوٹ‘ بنا دے گی“ وسیم اکرم نے ...
”گیند پر تھوک لگانے کی پابندی باﺅلرز کو ’روبوٹ‘ بنا دے گی“ وسیم اکرم نے خبردار کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ گیند پر تھوک لگانے کی پابندی باﺅلرز کو روبوٹ بنادے گی لیکن کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاط کے طور پر اس پابندی کو ماننا ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم نے کہا کہ کبھی سوچا نہ تھا کہ گیند پر تھوک لگانے پر پابندی لگ سکتی ہے، بچپن سے تھوک لگا کر گیند چمکائی ہے۔گیند کو پسینہ لگائیں گے تو وہ بھاری ہوجائے گی، ویسلین لگا کر ٹیمپر کرکے گیند سوئنگ ہوسکتی ہے پر کتنی ویسلین لگائیں اور کب گیند کو کھرچیں یہ تعین کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی نے احتیاطی تدابیر کے تحت گیند کو چمکانے کیلئے تھوک کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی ایسا کرتا ہوا پایا گیا تو امپائر صورتحال کے مطابق کچھ نرمی کریں گے اور ٹیم کو وارننگ دیں گے۔ فی اننگز میں ٹیم کو دو وارننگ دی جائیں گی جس کے بعد مسلسل اس عمل کو دہرانے پر بیٹنگ سائیڈ کو 5 رنز دئیے جائیں گے جبکہ باﺅلنگ سے قبل کھلاڑی کو گیند پر لگی تھوک صاف کرنے کا پابند کیا جائے گا۔

آئی سی سی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کے دوران کسی کھلاڑی میں کورونا علامات ظاہر ہونے پر ٹیم کو متبادل پلیئر شامل کرنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کیلئے میچ ریفری سے منظوری لینا ضروری ہو گا، متبادل کھلاڑی کے حوالے سے منظورہ شدہ نیا اصول ون ڈے اور ٹی 20 کیلئے نہیں ہوگا۔

مزید :

کھیل -