”کورونا وائرس کی وجہ سے اب کھلاڑیوں کو۔۔۔“ بطور سپن باﺅلنگ کوچ مشتاق احمد نے پہلی ویڈیو پریس کانفرنس میں ہی زبردست بات کہہ دی

”کورونا وائرس کی وجہ سے اب کھلاڑیوں کو۔۔۔“ بطور سپن باﺅلنگ کوچ مشتاق احمد ...
”کورونا وائرس کی وجہ سے اب کھلاڑیوں کو۔۔۔“ بطور سپن باﺅلنگ کوچ مشتاق احمد نے پہلی ویڈیو پریس کانفرنس میں ہی زبردست بات کہہ دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپن باﺅلنگ کوچ اور مینٹور مشتاق احمد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اب کھلاڑیوں کو میدان میں واپسی کیلئے دماغی طوپر بہت مضبوط ہونے کی ضرورت ہے اور بطور مینٹور میں اس مقصد کیلئے متحرک ہوں۔

تفصیلات کے مطابق سپن باﺅلنگ کوچ اور مینٹور مشتاق احمد نے نئی تقرری کے بعد پہلی مرتبہ ویڈیو پریس کانفرنس کے دوران گفتگو میں کہا کہ کورونا کے دوران اب کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہونا مشکل ہو گا، یہ ایک آسان کام نہیں ہے اس کیلئے کھلاڑیوں کو دماغی طور پر مضبوط ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میدان میں کھیل صرف جسمانی فٹنس کی بنیاد پر ہی نہیں کھیلا جائے گی بلکہ اس کیلئے دماغی طور پر جتنا مضبوط ہوں گے اتنا فائدہ ہو گا، کھلاڑیوں کی میدان میں باڈی لینگویج کو سامنے رکھ کر انہیں ساتھ لے کر چلنا ہو گا، میں نے ابھی سے کھلاڑیوں سے بات چیت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، میرا مینٹور کی حیثیت سے یہی کام ہے کہ میں کھلاڑیوں کو متحرک رکھوں، ٹیم مینجمنٹ میں تجربہ کار لوگ ہیں اور اس تجربے کا کھلاڑیوں کو فائدہ ہو گا۔

مشتاق احمد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم سیریز کھیلنے کیلئے انگلینڈ پہنچ چکی ہے اور یہ سیریز ہمارے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہے، ہمیں اس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا، خود کو نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ڈھالنے کا موقع بھی ملے گا اور اس کیلئے ہمارے پاس ابھی وقت بھی بہت ہے۔

سپن باﺅلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا کہ ہمیں پتہ چلے گا کہ نئے قوانین میں اب بال کس قدر سوئنگ کرتی ہے، ہمیں ڈیوک بال کا بھی خیال رکھنا پڑے گا، ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ نئی کنڈیشنز میں سپنرز کا کیا کردار ہو گا، میرے خیال میں اس وقت سپنرز کا رول بڑا اہم ہو جائے گا۔

مشتاق احمد نے کہا کہ تماشائیوں کے بغیر اب کرکٹ کیسی ہو گی وہ دیکھنا پڑے گا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہم اس کی پریکٹس نیٹ پریکٹس کے دوران کر سکتے ہیں کہ آو¿ٹ کے بعد یا اچھا شاٹ کھیلنے کے بعد کیسے ردعمل کا مظاہرہ کرنا ہے اور کیا محسوس کرنا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کی وجہ سے کیمپ نہ لگانے کا ایک اچھا فیصلہ کیا ہے، وائرس کے بڑھنے کی وجہ سے سب کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید :

کھیل -