یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ تقرری پر سابق کرکٹرز بھی خوش، کس کا کیا کہنا ہے؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل سمیت متعدد سابق کرکٹرز نے یونس خان کی قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ تعینات کئے جانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یونس خان کو دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ تعینات کیا ہے، اس فیصلے کو کرکٹ حلقوں میں بہت سراہا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنی رائے کااظہار کرتے ہوئے سابق کرکٹر عامر سہیل نے کہا کہ وہ یونس خان کی تعیناتی کی خبر سن کر بہت خوش ہوئے ہیں، انہیں یقین ہے کہ بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ان کی موجودگی ٹیم پر مثبت اثرات مرتب کرے گی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے بھی یونس خان کو نئی ذمہ داری ملنے کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ لیجنڈ یونس خان کو بیٹنگ کوچ مقرر کرنے پر پی سی بی کو مبارکباد دیتے پیش کرتا ہوں۔ سوشل میڈیا پر متحرک سابق کرکٹرز یاسر عرفات، محمد وسیم اور عتیق الزمان نے بھی یونس خان کے نئے رول کو ایک اچھی خبر قرار دیا ہے۔
تینوں کرکٹرز نے پی سی بی کے اس فیصلے سے مثبت نتائج کے حصول کی امید ظاہر کی ہے جبکہ موجودہ کھلاڑیوں میں آل راؤنڈر بلاول بھٹی اور بیٹسمین عظیم گھمن نے یونس خان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔