”ٹی 20 ورلڈکپ شیڈول کے مطابق کروا سکتے ہیں“ آسٹریلین وزیر نے شائقین کرکٹ کو خوشخبری سنا دی

”ٹی 20 ورلڈکپ شیڈول کے مطابق کروا سکتے ہیں“ آسٹریلین وزیر نے شائقین کرکٹ کو ...
”ٹی 20 ورلڈکپ شیڈول کے مطابق کروا سکتے ہیں“ آسٹریلین وزیر نے شائقین کرکٹ کو خوشخبری سنا دی

  

میلبورن (ڈیلی پاکستان آن لائن) شائقین کرکٹ کیلئے خوش خبری ہے کہ کورونا وبا کے دوران ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد کی امید روشن ہونے لگی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلین سپورٹس منسٹر رچرڈ کال بیک نے آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ بروقت کروانے کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں جس کے باعث ورلڈ کپ کرانے کیلئے پرامید ہیں، محدود تماشائیوں کے ساتھ میچز کرائے جاسکتے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ کا بدھ کے روز اہم اجلاس بھی ہوا جس میں ٹی 20 ورلڈکپ کے مستقبل کے بارے حتمی فیصلے کی امید کی جا رہی تھی تاہم ایک مرتبہ پھر اسے موخر کرتے ہوئے آئندہ ماہ فیصلہ کرنے کا کہا گیا ہے ۔  ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے فیصلہ موخر کرنے کی ایک وجہ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کی تیزی سے بہتر ہوتی صورتحال بھی ہو سکتی کیونکہ آئندہ ماہ تک معاملات کافی حد تک واضح ہو جائیں گے اور امید ہے کہ حالات اس حد تک بہتر ہو جائیں کہ مختصر فارمیٹ کا میگا ایونٹ شیڈول کے مطابق آسٹریلیا میں ہی منعقد کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے، ایونٹ میں 16 ٹیموں نے شرکت کرنی ہے جبکہ 2021 کے ایونٹ کا میزبان بھارت ہے۔تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے اگر آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ ملتوی کرکے اگلے سال کروایا جاتا ہے تو بھارت کو بھی ایک سال کی تاخیر گوارا کرنا ہوگی جس کیلئے وہ آمادہ نظر نہیں آتا۔

مزید :

کھیل -