اقتصادی ترقی کیلئے تحقیق پر توجہ وقت کی ضرورت، ڈاکٹر احتشام انور

اقتصادی ترقی کیلئے تحقیق پر توجہ وقت کی ضرورت، ڈاکٹر احتشام انور

  

اوچ شریف (نامہ نگار) سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ تعلیمی شعبے میں تفریق ختم کرنے کے لئے یکساں قومی نصاب کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے، یکساں قومی نصاب کے حوالے سے قومی کانفرنس میں جنوبی پنجاب کے اساتذہ نے علم و تحقیق کا قابل تحسین حصہ ڈال کر اس خطے کا نام روشن کیا، وہ آج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کے کمیٹی روم میں اساتذہ اور ماہرین تعلیم سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ایڈیشنل (بقیہ نمبر44صفحہ7پر)

سیکرٹری سکولز جنوبی پنجاب محمد انصر سیال اور ڈپٹی سیکرٹری سکولز محمد بوٹا نجم بھی ان کے ہمراہ تھے، سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ یکساں قومی نصاب کے تناظر میں طلبہ میں کردار سازی، تنقیدی اور تخلیقی سوچ فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی، انہوں نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے معیاری تعلیم کے ساتھ تحقیق پر توجہ وقت کی ضرورت ہے، اس موقع پر ڈاکٹر احتشام انور نے قومی کانفرنس میں شریک جنوبی پنجاب کے مختلف سکولوں کے اساتذہ و ماہرین تعلیم ڈاکٹر نسیم اختر، سحر کنول، ڈاکٹر شازیہ قادر، سمیرا شاہین، ڈاکٹر طاہرہ پروین نواز، محمد اظہر کامران، ڈاکٹر عبدالکریم اور طاہر بشیر کو توصیفی اسناد سے نوازا، قبل ازیں کانفرنس میں شریک ہونے والے اساتذہ و ماہرین تعلیم نے یکساں قومی نصاب کے حوالے سے اپنے مشاہدات بیان کئے اور اس کی معنویت و افادیت کو اجاگر کیا، واضح رہے کہ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے زیر اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد میں یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے 24 مئی تا 28 مئی کو دوسری قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں جنوبی پنجاب سمیت پاکستان بھر سے ماہرین تعلیم نے چھٹی سے آٹھویں جماعت کے یکساں قومی نصاب کو حتمی شکل دینے کے لئے سفارشات پیش کیں۔

ڈاکٹرا حتشام انور

مزید :

ملتان صفحہ آخر -