لیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن،بوگس کنکشن منقطع
لاہور(خبرنگار)لیسکو کے چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد امین کی خصوصی ہدایات پرایس ای ایسٹرن سرکل سہیل بشیر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف سرچ آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ڈی او واہگہ کاشف نے فیلڈ اسٹاف کے ہمراہ اطوکی اعوان، منڈیاں والا، لکھن شریف، رت گڑھ، جلو پنڈ، رام پورہ اورہنڈو گجراں کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ 479 کنکشنز چیک کئے گئے۔ ایس ڈی اوکاشف کے مطابق بجلی چوروں کے کنکشن منقطع کرکے96 ہزار 351یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جبکہ22 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں متعلقہ تھانوں میں جمع کروا دی گئی ہیں۔دوسری جانب ایس ڈی اوبلال کالونی اعجاز مَل نے فیلڈ اسٹاف کے ہمراہ سوتر مل، داروغہ والا، اڈا شبیل، مومن پورہ، جھنڈیالہ، بھینی اور ملک پور کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔
دوران آپریشن کل427کنکشنز چیک کئے گئے۔دوران چیکنگ 15 کنکشنز میں مختلف نوعیت کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ ایس ڈی اواعجاز مَل کے مطابق 58ہزار 298یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ایس ای سہیل بشر نے کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد امین کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف مہم جاری ہے۔