سلیکٹڈ وزیراعظم کا ”سلیکٹڈ بجٹ“کسی طور قبول نہیں کریں گے، بلاول بھٹو

   سلیکٹڈ وزیراعظم کا ”سلیکٹڈ بجٹ“کسی طور قبول نہیں کریں گے، بلاول بھٹو

  

 کراچی(آئی ا ین پی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ترقیاتی بجٹ کو بھی سیاسی انداز سے تقسیم کرکے احساس محرومی بڑھادیا سلیکٹڈ وزیراعظم نے ایک سلیکٹڈ بجٹ بنایا جسے کسی طور قبول نہیں کریں گے۔ بدھ کو اپنے بیان میں بلاول نے قومی اقتصادی کونسل کے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت و تعلیم کیلئے مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں شعبہ صحت کیلئے صرف 30ارب روپے مختص کرنا عوام کو کورونا وائرس کی وبا کے حوالے کردینے کے مترادف ہے، صحت کیلئے بجٹ میں صرف 3.3فیصد فنڈز مختص کرکے پی ٹی آئی حکومت نے واضح کردیا کہ عوام کی صحت ان کی اولین ترجیح نہیں ہے۔ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو خوش کرنے کیلئے بجٹ میں 68ارب روپے اور وبا سے بچا وکیلئے صرف پانچ ارب روپے کے فنڈز رکھنا عوام دشمنی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعلیم کیلئے بجٹ میں صرف 5.5فیصد فنڈز مختص کرکے عمران خان نے قوم کے مستقبل کے ساتھ ایک مذاق کیا ہے۔ اگر سڑکیں بنانے سے ملک ترقی نہیں کرتے تو اپنی حکومت کے آخری سے پہلے ترقیاتی بجٹ میں 38فیصد کا اضافہ کیوں کیا گیا۔ 

بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -