عام شہریوں کو سڑک کنارے فروٹ اور ویجی ٹیبلز مارکیٹ کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ 

      عام شہریوں کو سڑک کنارے فروٹ اور ویجی ٹیبلز مارکیٹ کھولنے کی اجازت ...

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی حکومت نے عوام کو مہنگائی کے عذاب سے چھٹکارا دلانے اور انہیں سستے داموں پھل اور سبزیاں فراہم کرنے کی غرض سے نئے شامل شدہ اضلاع سمیت صوبے کے تمام شہروں اور قصبوں میں کاشتکاروں اور عام شہریوں کو سڑک کنارے مقررہ اراضی پر نجی فروٹ اور ویجی ٹیبلز مارکیٹ کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اس اقدام کا مقصد شہریوں کو انکی دہلیز پر اشیاء کی مناسب نرخ پر فراہمی اور آڑھتیوں اور مڈل مین کا کردار ختم یا محدود کرنا ہے جو کاشتکاروں سے کم داموں اشیاء خرید کر مہنگی بیچتے ہیں اور اس کا خمیازہ غریب عوام کو گرانفروشی کی شکل میں بھگتنا پڑتا ہے جبکہ زمیندار کو خون پسینے کی محنت کا مناسب صلہ بھی نہیں ملتا صوبائی کابینہ نے اس کی منظوری دیدی ہے اور محکمہ بلدیات نے اس پر موثر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے اس امر کا انکشاف خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات اور بات چیت میں کیا جنہوں نے صوبائی وزیر کو انکے محکمہ سے متعلق اپنے مسائل و مطالبات سے آگاہ کیا وزیر بلدیات نے ارکان اسمبلی کے مسائل کے مناسب ازالے کی یقین دہائی کراتے ہوئے نجی فروٹ اور ویجی ٹیبلز مارکیٹ کے قیام میں محکمہ بلدیات اور شہریوں سے بھرپور تعاون اور سکیم کو کامیاب بنانے کی درخواست کی جبکہ ارکان اسمبلی نے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا وزیر بلدیات نے کہا کہ اس اقدام سے شہروں اور قصبوں میں روزگار کے مواقع اور معاشی سرگرمیوں میں بے پناہ اضافہ ہوگا انہوں نے اس نئے قانون کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہر شہر کیلئے صرف ایک سبزی منڈی کا قانون تھا مگر اب اس قانون میں ترمیم کرتے ہوئے ہر دو کلومیٹر کے فاصلے پر شاہراہوں کے کنارے نجی سبزی منڈی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے قانون کے تحت سڑک کنارے دو ایکڑ یعنی 16 کنال میدان میں سبزی و فروٹ منڈی قائم کی جا سکتی ہے جس کی اجازت متعلقہ ٹی ایم اے سے حاصل کرنا ضروری ہے آسی طرح پہلے سے قائم فروٹ اور ویجی ٹیبلز مارکیٹوں کو بھی درخواست دیکر ریگولرائز کیا جا سکتا ہے اکبر ایوب خان نے کہا کہ اس پروگرام کے شرائط وضوابط عوامی آگاہی کیلئے مشتہر کئے جا رہے ہیں جبکہ تمام فروٹ و سبزی منڈیوں میں مطلوبہ معیار کی سہولیات مہیا کرنے اور صفائی و حفظان صحت یقینی بنانے کیلئے بھی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا انہوں نے اراکین اسمبلی کی طرف سے پیش کردہ بعض دیرینہ عوامی مسائل ومشکلات کے فوری حل کیلئے متعلقہ حکام کو موقع پر احکامات جاری کئے جبکہ دیگر تمام مسائل کے مناسب ازالے کا یقین دلایا۔

مزید :

صفحہ اول -