عملی ڈیجیٹل پاکستان بنانے کیلئے صوبائی حکومت سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے: عاطف خان

عملی ڈیجیٹل پاکستان بنانے کیلئے صوبائی حکومت سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ...

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک اور سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ عملی  ڈیجیٹل پاکستان بنانے کیلئے صوبائی حکومت سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کیطرف سے تیکنیکی اور مالی معاونت خوش آئند ہے ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے منصوبوں کے قیام سے خیبرپختونخوا کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹری ڈائریکٹر برائے ایشیائی ترقیاتی بینک کیساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے صوبے میں  مختلف مجوزہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی منصوبوں کے قیام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عنبر علی اور ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ عاصم جمشید نے شرکت کی۔ ویڈیو لنک اجلاس کیدوران کنٹری ڈائریکٹر برائے ایشیائی ترقیاتی بینک کیساتھ خیبرپختونخوا میں مجوزہ سپیشل ٹیکنالوجی زون مردان،ڈیجیٹل ایکانومی اینڈ سکلز سنٹر شنکر مردان،صوبے کے تمام اضلاع میں سٹی فیسیلیٹیشن سنٹر،گندھارہ ڈیجیٹل سٹی پشاور،پاکستان ڈیجیٹل سٹی ھری پور،ایبٹ آباد آئی ٹی پارک اور دیگر منصوبوں کے قیام کے حوالے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام نے مختلف منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی تکنیکی اور مالی معاونت کا بھی اعادہ کیا۔ اس موقع پر عاطف خان کا کہنا تھا کہ مذکورہ منصوبوں کی قیام سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ صوبے میں مختلف یونیورسٹیز اور ٹیکنیکل کالجز کے طلباء کی صلاحیتوں سے بھی استفادہ حاصل کیا جا سکے اور یہ منصو بے بیرونی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے فلیگ شپ منصوبے بھی  ثابت ہونگے۔

مزید :

صفحہ اول -