گورنر سندھ سے اقلیتی حقوق کے وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات 

  گورنر سندھ سے اقلیتی حقوق کے وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات 

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے نیشنل لابنگ برائے اقلیتی حقوق کے وفد نے کرشن شرما کی سربراہی میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کے سربراہ کرشن شرما نے نیشنل لابنگ برائے اقلیتی حقوق کے بنیادی افعال کے بارے میں گورنر سندھ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا مقصد اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی امداد اور تعاون ممکن بنانا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اقلیتی برادری نے نہ صرف پاکستان کے قیام بلکہ ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں بشمول عیسائی، ہندو اور سکھ وغیرہ پر امن طور پر زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒکے وژن کے مطابق ان کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے، اقلیتوں کے لئے پاکستان دنیا کا محفوظ ترین ملک ہے جبکہ بھارت میں اقلیتوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے، آئین پاکستان کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔  وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ مسیحی پرسنل لاز کا ترمیمی بل کا مسودہ وفاقی حکومت کے پاس ہے اور وفد کی خواہش ہے کہ جلد از جلد اسے اسمبلی میں پیش کیا جائے۔ گورنر سندھ نے وفد کو اس ضمن میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -