گھوٹکی ٹرین حادثہ ، کراچی سے جھنگ بارات لے کر آنے والا دولہا اب کہاں اور کس حالت میں ہے ؟ تفصیلات سامنے آ گئیں 

Jun 10, 2021 | 12:11 PM

رحیم یار خان (ڈیلی پاکستان آن لائن )گھوٹکی کے قریب ہونے والے ٹرین حادثے کے 13 رحیم یار خان کے شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کا کہناتھا کہ شیخ زیدہسپتال میں زیر علاج زخمیوں میں دلہا بھی شامل ہے ، اہل خانہ کے مطابق شادی 12 جون کو طے تھی ،دولہا کے گھر والے بارات لے کر ملت ایکسپریس میں کراچی سے جھنگ جارہے تھے ، حادثے میں دولہے کے والدین ، بھائی ، چچی اور کزن جاں بحق ہو گئے تھے ۔
دوسری جانب گھوٹکی ٹرین حادثے کا مقدمہ چوتھے روز بھی درج نہیں ہو سکا ہے ، ایس ایچ او ریتی برکت علی نے کہاہے کہ ریلوے پولیس کا لیٹر ابھی تک موصول نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی مدعی آیا ہے ، جائے حادثے کے قریب پڑے ملبے کو بھی ابھی تک نہیں ہٹایا گیا ، متاثرہ مسافروں کا سامان ڈہر کی تھانے منتقل کر دیا گیاہے۔ 
ٹرین حادثے میں جاں بحق ایک اور شخص کی تدفین لودھراں میں کر دی گئی ہے ، 33 سالہ ریاض ملت ایکسپریس میں سوار ہو کر کراچی سے لودھراں آ رہا تھا ۔یاد رہے کہ چند روز قبل گھوٹکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے درمیان خوفناک تصادم ہواجس میں 63 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 107 افراد زخمی ہوئے جن میں سے بیشتر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا ۔

مزیدخبریں