"ہمارے لیے آپ کو اڈے فراہم کرنا ممکن نہیں" پاکستان کا امریکہ کو صاف جواب، بڑا دعویٰ

"ہمارے لیے آپ کو اڈے فراہم کرنا ممکن نہیں" پاکستان کا امریکہ کو صاف جواب، بڑا ...

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد امریکہ کو فوجی اڈے فراہم کرنے سے انکار کردیا۔

امریکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکہ کے مطابق پاکستان نے امریکہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ وہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کیلئے امریکہ کو فوجی اڈے فراہم نہیں کرے گا۔

اس سے قبل یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ پاکستان نے امریکہ کو خطے میں موجودگی برقرار رکھنے کیلئے فوجی اڈے فراہم کردیے۔ چینی اخبار ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے امریکہ کو شمسی ایئر بیس دوبارہ دے دی ہے۔ اس سے قبل مشرف دور میں یہ ایئر بیس امریکہ کے پاس تھی تاہم سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد 2011 میں پاکستان نے یہ ایئر بیس امریکہ سے واپس لے لی تھی۔

وائس آف امریکہ نے پاکستانی عہدیداروں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان فوجی اڈوں کی فراہمی کیلئے رابطے ہوئے ہیں تاہم اسلام آباد نے واضح کیا ہے کہ اس کیلئے واشنگٹن کو فوجی اڈے فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔

پاکستان کی جانب سے واضح جواب دیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان باہمی رابطوں کے دوران امریکی عہدیداروں کی جانب سے اڈوں کی فراہمی کا موضوع زیر بحث نہیں لایا جا رہا۔

مزید :

قومی -علاقائی -اسلام آباد -