بارڈر ملٹری پولیس کی لادی گینگ کیخلاف بڑی کارروائی ،ہاتھ، ناک اور کان کاٹنے کی سفاکانہ واردات کا مبینہ ملزم گرفتار
۱
ڈیرہ غازی خان(ڈیلی پاکستان آن لائن )ڈیرہ غازی خان میں بارڈر ملٹری پولیس نے لادی گینگ کے خلاف بڑی کاروائی کرتے ہوئے ہاتھ، ناک اور کان کاٹنے کی سفاکانہ واردات کی ویڈیو بنانے والے مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق لادی گینگ کا گرفتار ملزم کا نام دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور اغواء کے مقدمات میں بھی شامل ہے۔
کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس حمزہ سالک نے دعویٰ کیا ہے کہ لادی گینگ کے خلاف جاری آپریشن میں قانون نافذ کرنیوالے والے اداروں نے سمینٹ فیکٹری کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے لادی گینگ کے اہم رکن اسماعیل جیانی کوگرفتارکرلیا۔حمزہ سالک کے مطابق ملزم اسماعیل جیانی نے گینگ ممبر کے ہاتھ، ناک اور کان کاٹنے کی سفاکانہ واردات کی ویڈیو بنائی تھی۔سخی سرورسے لادی گینگ کا ایک سہولت کار بھی گرفتار کیا گیا ہے، ملزم لادی گینگ کے موبائل نمبروں پربیلنس لوڈ کرواتا تھا۔آپریشن میں لگ بھگ 200 گاڑیاں اور700سےزائد اہلکار حصہ لےرہے ہیں،سرچ آپریشن کے دوران گینگ کی تلاش اور شناخت کے لیے بائیو میٹرک مشینوں سے مدد لی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب پولیس نے کہا تھا کہ ڈی جی خان میں لادی گینگ کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔پولیس کے مطابق لادی گینگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کوبند کرنے کے لیے ایف آئی اے کو سفارشات بھجوادی گئی ہیں۔قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں بارڈر ملٹری پولیس، پنجاب پولیس اور رینجرز موجود ہے جو لادی گینگ کو تلاش کر رہی ہے۔