سپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات ، کن امور پر گفتگو ہوئی اور عثمان بزدار نے  اسد قیصر کو کیا یقین دہانی کرائی ؟جانئے

سپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات ، کن امور پر گفتگو ہوئی اور ...
سپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات ، کن امور پر گفتگو ہوئی اور عثمان بزدار نے  اسد قیصر کو کیا یقین دہانی کرائی ؟جانئے

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کی جانب سے عوامی فلاح اور ترقی کے لئے شروع کئے گئے منصوبے قابل ستائش ہیں،ان منصوبوں کی تکمیل سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگااور صوبہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہوگا اور اس میں کسانوں اور عوام کو ریلیف دیا جاے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوے کیا۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہتر اقتصادی پالیسیوں کی بدولت معیشت کا پہیہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے،کورونا وباءکے باوجود ملک میں معاشی شرح نمو میں اضافہ خوش آئند ہے، بیج اور کھاد پر سبسڈی کی فراہمی سے کسان خوشحال ہوگا اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی بار زراعت پر خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے،کمیٹی نے کسانوں کو رعائتی نرخوں پر قرضہ جات کی فراہمی کی سفارش کی ہے،کسان کی خوشحالی میں ملک کی خوشحالی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پنجاب میں گندم کی بمپر فصل پر وزیراعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے کسان دوست اقدامات کو سراہا اور  پنجاب کے دو ڈویژن میں یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام شروع کرنے پر وزیراعلی عثمان بزدار کی کاوشوں کی تعریف کی۔

وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے سپیکر کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عام آدمی کے فلاع و بہبود و ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھاے گئے اقدامات سے آگاہ کیااور کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کی طرف سے حکومت کو دی جانے والی تجاویز کو سراہا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کیا گیا جس کا براہ راست فائدہ کسانوں کو پہنچا اور ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام اور کسان دوست ہوگا اور اس میں کسانوں اور عوام کو ریلیف دیا جاے گا،بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کر یں گے، یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے عوام کو مفت علاج کی فراہمی ممکن ہوگی۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے سپیکر کو پی اے ای سی اوکا متفقہ چیئرمین منتخب ہونے اور دوسری پائیکو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد ی۔

مزید :

قومی -