وزیر ہاؤسنگ کا دورہ خانیوال،ڈپٹی کمشنر کی عدم موجودگی پر برہم
لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیر ہاؤسنگ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خانیوال کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال وسیم سندھو کی آفس میں عدم موجودگی پر صوبائی وزیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی خانیوال نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کو نظر انداز کیا اور ڈی سی آفس کا عملہ بھی نا اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزراء کو ہر ضلع کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کا ٹاسک دیا ہے۔ ڈی سی خانیوال اور سٹاف کا رویہ غیر ذمہ دارانہ تھا۔ سرکاری افسران کی ذمہ داری عوام کی خدمت کرنا ہے۔ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا اور سست روی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔ کوتاہی پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی توقعات پر نہ اترنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ فلاح عامہ کے منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔