ملکی معاشی،معاشرتی اور سیاسی پالیسی ناگزیر ہے‘ فائق شاہ
پشاور (سٹی رپورٹر)چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ قانون اور انصاف سب کیلئے ایک ہو، اس کیلئے ہر بااختیار شخص اور ادارے کو علامت بننا ہوگا، پیوندکاری اور نقالی سے کام نہیں چلے گا، ساٹھ فیصد سے زائد نوجوان آبادی کو دیکھ کر ملک کی معاشی، معاشرتی اور سیاسی پالیسی بنانا ہو گی تاکہ نظریاتی اساس بحال رہے اور ترقی کی رفتار تیز ہو سکے، بجٹ، ملکی فیصلے اور تمام پالیساں اسی آبادی کو سامنے رکھ کر نہ بنائے گئے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، انہوں نے کہا ہے کہ بجٹ تقاریر، میزانیے اور عملی اقدامات میں زمین آسمان کا فرق ہے، کئی ضمنی بجٹ آ جاتے ہیں اس لئے لوگوں کا اعتبار، مارکیٹ میں استحکام اور سرمایہ کاری میں بہتری نہیں آتی ڈنگ ٹپاؤ پالیسی نے معیشت کو تباہ کیا، ٹیکنالوجی، ٹیکنکل ایجوکیشن، زراعت اور مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو بہتر کیا جائے اور اپنا اگاؤ، اپنا کھاؤ کا شعور اجاگر کرنا ہوگا، محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ امن ترقی پارٹی کی بجٹ تجاویز اور سیاسی اور معاشی استحکام کی پالیسی کو عمل میں لایا جائے بہتری کی ضمانت دیتے ہیں، عوام کا اعتماد جیتنے کیلئے سیاسی جماعتیں مشترکہ اور حقیقی جمہوریت کا میثاق کریں تاکہ عدم برداشت ختم ہو سکے۔