حبا بخاری "گھر یا کام" میں کس کو ترجیح دیں گی ؟ اداکارہ نے بتا دیا

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ حبا بخاری کا کہنا ہے کہ"عورتوں میں برداشت کا مادہ زیادہ ہوتا ہے اور وہ اپنا گھر بسانے کے لئے آخری حد تک سمجھوتہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔"
تفصیلات کے مطابق اداکارہ حبا بخاری نے اپنے حالیہ انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ"وہ اپنے کام اور گھر میں توازن برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرتی ہیں اور مستقبل میں بھی کبھی گھر اور کام میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو دونوں کا انتخاب کریں گی اور کسی نہ کسی طرح مینج کرنے کی کوشش کریں گی۔" اداکارہ نے اپنے ڈراموں کے حوالے سے بات کرنے کے ساتھ اپنی نجی زندگی کا تذکرہ بھی کیا اور کہا کہ" انہیں جوائنٹ فیملی میں رہنا پسند ہے اور گھر کے کام کرنا بھی اتنا ہی پسند ہے جتنا ڈراموں میں کام کرنا۔"میزبان نے سوال کیا کہ" اگر سسرال میں کوئی اہم تقریب ہو اور اس وقت کسی ڈرامے کی شوٹ بھی ہو تو کس کو اہمیت دیں گی اور کس کا انتخاب کریں گیں؟"میزبان کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ"دونوں کا انتخاب کروں گی، بھلے دونوں چیزیں الگ الگ شہروں میں ہی کیوں نہ ہوں۔ انسان اگر چاہے تو سب کچھ ممکن ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ایسی صورت میں، میں پہلے اپنا شوٹ ریکارڈ کرواؤں گی، ہو سکتا ہے اس کے لئے مجھے صبح صادق سے کام کرنا پڑے لیکن میں ہدایتکار سے درخواست کرکے جلدی کام شروع کروں گی اور پھر تقریب میں شرکت کروں گی۔"