سی پیک گیم چینجر، روس کیساتھ اقتصادی تعلقات کے خواہاں، عراق میں ایک اور قونصل خانہ کھولیں گے، وزیر خارجہ کا الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، روس کیساتھ اقتصادی تعلقات کے خواہاں ہیں، عراق کے شہر نجف اشرف میں ایک اور قونصل خانہ کھولیں گے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق بین الاقوامی چینل الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرادی نے کہا کہ عراق کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے باہمی مذہبی اور ثقافتی تعلقات بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ نجف اشرف میں جلد پاکستانی قونصل خانہ کھولیں گے۔ عراق کیساتھ تجارتی و معاشی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا سموسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہی ہے۔ پاکستان کو ان تبدیلیوں سے شدید نقصان ہوا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں کی اہم معاشی منصوبوں پر شراکت داری ہے۔ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ روس کیساتھ دو طرفہ اقتصادی تعاون چاہتے ہیں۔