بھارت میں ٹرین حادثہ، اپنی ماں کی موت کا ڈرامہ رچا کر امدادی رقم لینے کی کوشش کرنے والا نوجوان گرفتار

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں گزشتہ ہفتے خوفناک ٹرین حادثے میں سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بن گئے تھے۔ حکومت کی طرف سے مرنے والوں کے لواحقین امدادی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے اور آئے روز امدادی رقم کے لیے اپنے کسی رشتہ دار کی حادثے میں موت کا جھوٹ رچانے والا کوئی نہ کوئی فراڈیہ سامنے آ رہا ہے۔ اب ایک ایسے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے اپنی ماں کی حادثے میں موت ہونے کا جھوٹ بولا۔
ملزم کی شناخت سنجے کمار کے نام سے ہوئی ہے جو پٹنہ کا رہائشی ہے۔ سنجے کمار نے وزیر ریلوے اشوینی ویشنو سے ملنے کی کوشش بھی کی اور ریلوے ہیڈکوارٹرز جا کر تلافی کے طور پر انہیں ملازمت دینے کو بھی کہا۔ سنجے کمار کا کہنا تھا کہ اس کی ماں ٹرین حادثے میں موت کے منہ میں چلی گئی، چنانچہ اسے امدادی رقم بھی دی جائے اور ریلوے میں ملازمت بھی۔
جب حکام نے سنجے کمار سے اپنی ماں کی موت کے متعلق کاغذات مانگے تو وہ مہیا کرنے میں ناکام رہا، حتیٰ کہ وہ اپنی ماں کے ٹرین ٹکٹ کی تفصیل بھی نہ دے سکا۔ اس پر اس کا معاملہ پولیس کے سپرد کر دیا گیا اور جب پولیس نے تفتیش شروع کی توملزم نے اعتراف کر لیا کہ وہ امدادی رقم کے لالچ میں جھوٹ بول رہا تھا۔ اس کی ماں کی تو 2018ءمیں ہی موت ہو چکی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک خاتون نے امدادی رقم کے لالچ میں اپنے شوہر کی ٹرین حادثے میں موت ہونے کا جھوٹ بولا تھا جس پر شوہر نے اس کے خلاف پولیس کو رپورٹ کر دی تھی۔
واضح رہے کہ اوڑیسا حکومت کی طرف سے اس ٹرین حادثے میں مرنے والے افراد کے لواحقین کے لیے 5لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے بھی اضافی 2لاکھ روپے اور وزارت ریلوے کی طرف سے 10لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ ٹرین حادثہ ریاست اوڑیسا کے ضلع بیلاسور میں ہوا جہاں تین ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں۔ اس خوفناک حادثے میں تین سو کے لگ بھگ لوگ لقمہ اجل بنے۔