ساہیوال(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ساہیوال کے چلڈرن وارڈ میں گزشتہ دنوں آتشزدگی کا المناک واقعہ پیش آیا جس میں 4بچے لقمہ اجل بن گئے۔ اس واقعے میں ایک وارڈ بوائے نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر 26بچوں کی جان بچا کر جرات و بہادری کی نئی مثال قائم کی۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اس وارڈ بوائے کا نام مجاہد ارشد ہے، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور انٹرنیٹ صارفین اس بہادر نوجوان کو ہیرو قرار دے رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ وارڈ میں اس وقت 60سے 70بچے اور ان کے لواحقین موجود تھے، جنہیں بچانے میں ہسپتال کی ایک نرس سمیت دیگر عملے نے بھی بہادری کا مظاہرہ کیا۔