ملازمین اپنی خدمات کی پہچان اور اہمیت کو تسلیم کرانے کے شدید خواہشمند ہوتے ہیں، 5نکات پر مشتمل منصوبے کی ضرورت ہے 

 ملازمین اپنی خدمات کی پہچان اور اہمیت کو تسلیم کرانے کے شدید خواہشمند ہوتے ...
 ملازمین اپنی خدمات کی پہچان اور اہمیت کو تسلیم کرانے کے شدید خواہشمند ہوتے ہیں، 5نکات پر مشتمل منصوبے کی ضرورت ہے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:ڈاکٹر ڈیوڈ جوزف شیوارڈز
ترجمہ:ریاض محمود انجم
 قسط:115
ہم نے اس سینیئر منیجر اور اس کے ساتھیوں کو بتایا کہ 5نکات پر مشتمل ایک پروگرام اور منصوبے کی ضرورت ہے، اگر اس پروگرام اور منصوبے پر عمل در آمد ہوگیا تو نہ صرف یونین سازی کی بڑھتی ہوئی خواہش ختم ہو جائے گی، بلکہ پیداوار میں بھی اضافہ ہو جائے گا، غیر حاضری کی شرح بھی کم ہو جائے گی، انفرادی کارکردگی بھی بڑھ جائے گی، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ملازمین کمپنی کے ساتھ وفاداری کا اظہار کریں گے۔“
لہٰذا ہم نے ”علاج“ تجویز کر دیا: 
پہلا مرحلہ: اس سے قبل ”مثبت نگرانی“ پر مبنی یہ طریقہ کار بہت سے تجارتی اداروں کے لیے مفید و موثر ثابت ہوچکا ہے، اس لیے ملازمین سے براہ راست منسلک افسران کو تربیت فراہم کی جانی چاہیے کہ وہ ملازمین کی حوصلہ شکنی اور بد تعریفی کی بجائے ان کی حوصلہ افزائی کریں، ان کی تعریف و توصیف کریں۔
دوسرا مرحلہ: تمام کے تمام6 اعلیٰ اختیاراتی افسران کو چاہیے کہ وہ ایک دن میں کم از کم ایک دفعہ کارخانے کا دورہ کریں، اور ملازمین کے ساتھ علیک و سلیک کے علاوہ ان کا حال احوال بھی دریافت کریں۔ کارخانے میں ان افسران کی موجودگی کے باعث مزدوروں اور افسران کے درمیان یکجہتی کا احساس پیدا ہوتا ہے، اس عمل کے ذریعے ملازمین کے دل میں اپنی ذاتی انفرادی اہمیت کا احساس پیدا ہوتا ہے۔
تیسرا مرحلہ: اعلیٰ ذاتی/ انفرادی کارکردگی کے ضمن میں لازمی طور پر انعام دینے کا پروگرام وضع کرنا چاہیے۔ ہر شعبے میں سے اعلیٰ انفرادی کارکردگی کی بنا ء پر ہر ماہ ایک کارکن کا انتخاب ہونا چاہیے اور اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ اس کے نام کو خبروں والے ہمارے بورڈ پر نمایاں طریقے پر آویزاں کیا جائے۔ ہم یہ طریقہ صرف اس لیے تجویز کر رہے ہیں کہ ملازمین، اپنی خدمات کی پہچان اور اپنی اہمیت کو تسلیم کرانے کے شدید خواہشمند ہوتے ہیں۔
چوتھا مرحلہ: 9 ملازمین پر مشتمل ایک بورڈ قائم کریں جو اعلیٰ اختیارتی انتظامیہ کو براہ راست جواب دہ ہو۔ یہ بورڈ وہ طریقے تجویز کرے جن کے ذریعے ملازمین کی مدد اور معاونت کی جاسکتی ہوں اور ان کے لیے اوقات کار کے علاوہ کام کرنے کے ماحول میں بھی بہتری لائی جاسکتی ہو۔ اس قسم کے بورڈ کے قیام کے ذریعے ملازمین خود سے منسلک معاملات و سائل کو اعلیٰ اختیاراتی انتظامیہ کے علم میں لاسکیں گے۔
پانچواں مرحلہ: ان ملازمین کی ذاتی ضروریات پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کریں۔ ان کی سالگرہوں کے موقع پر ان سے اظہار خوشی کریں، اگر کوئی کارکن بیماری کے باعث2 دن تک کام پر نہیں آسکتا تو اس کے ساتھ رابطہ کریں۔ جب بھی انہیں کو ئی مشکل یا مسئلہ در پیش ہوں تو انہیں امداد اور معاونت کی پیشکش کریں۔ اس وقت ہمارا مقصد صرف یہ ہے کہ ان ملازمین کی انفرادی اہمیت کو تسلیم کیا جائے۔(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بُک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوط ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

ادب وثقافت -